نگران حکومتِ پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اُن رہنماؤں اور کارکنان کے جیل میں ٹرائل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جو 9 مئی کو لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، میانوالی اور فیصل آباد سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
پنجاب حکومت نے ملزمان کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ تمام ملزمان کا ٹرائل لاہور کی سینٹرل جیل میں ہو گا۔
اس میں کہا گیاہے کہ عسکری ٹاور پر حملے کے مقدمے کا ٹرائل بھی جیل میں ہو گا، تھانہ شادمان پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا ٹرائل بھی جیل میں ہو گا۔
جناح ہاؤس حملہ کیس کے اسپشل پراسکیوٹر فرہاد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار تمام ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہو گا، انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج جیل میں جا کر ملزمان کا ٹرائل کریں گے۔
اسپشل پراسکیوٹر فرہاد علی شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش یہی ہے کہ مقدمے کا ٹرائل جلد از جلد مکمل کرائیں، اے ٹی سی کے رولز کے تحت جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی، چئیر مین پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت عدم پیروی پر خارج ہوئی ہے، اگر چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہوئے انہیں بذریعہ ویڈیو لنک جیل ٹرائل میں شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نگران حکومتِ پنجاب نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث رہنماؤں اور کارکنان کے جیل میں ٹرائل کا حکم دیا تھا۔