ساؤتھ آسٹریلیا کے جیک فریزر میکگورک نے تیز ترین ون ڈے سنچری بنا کر جنوبی افریقا کے سابق کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا۔
آسٹریلیا کے لسٹ اے ٹورنامنٹ مارش کپ کے دوران ساؤتھ آسٹریلیا کے 21 سالہ جیک فریزر میکگورک نے 29 گیندوں پر ون ڈے سنچری بناکر ابراہم ڈی ویلیئرز کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا، یہ اے لسٹ میچز میں تیزترین سنچری شمار ہوئی۔
ڈی ویلیئرز نے 2015 میں 31 بالز پر ون ڈے سنچری مکمل کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔
فریزر نے اس سے قبل 2019 میں بھی وکٹوریہ کی جانب سے ون ڈے اور فرسٹ کلاس ڈیبیو پر متاثر کن پرفارمنس پیش کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنائی تھیں، انھوں نے 17 برس کی عمر میں چھ دن کے وقفے سے شیفلڈ شیلڈ اور ون ڈے کپ میں ففٹیز کا کارنامہ انجام دیا تھا۔
واضح رہے کہ مارش ون ڈے کپ کے اس مقابلے میں تسمانیہ نے ساؤتھ آسٹریلیا کیخلاف 37 رنز سے کامیابی سمیٹ لی، فاتح الیون نے9 وکٹ پر 435 رنزجوڑے۔