نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عوام دوست اقدام اٹھاتے ہوئے میٹرو اور سپیڈو بس کے کرایوں میں 15 روپے اضافے کی سمری مسترد کردی۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی تقریباً سوا ارب مسافروں کا ہدف عبور کرچکی ہے، لاہور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پر روزانہ تقریباً 25 ہزار طلبہ مفت سفر کررہے ہیں۔
اجلاس میں میٹرو اور سپیڈو بس سروس کے کرایوں میں 15 روپے اضافے کی سمری پیش کی گئی جسے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مسترد کردیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو میں اضافے کیلئے نئے اورمنفرد انداز سے کام کیا جائے۔
اجلاس میں لاہور ریلوے سٹیشن تاگرین ٹاؤن الیکٹرک بسیں چلانے کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی، ورلڈ بینک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد اور راولپنڈی میٹروبس سروس کیلئے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی اور لاہور میں میٹروبس ٹریک کی تعمیر و مرمت کاحکم دیا، اجلاس میں قذافی سٹیڈیم اورشاہدرہ میٹرو سٹیشن کی تعمیرومرمت اورتزئین و آرائش کی منظوری بھی دی گئی، دوران اجلاس ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹو بسیں چلانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے الیکٹرک بس سروس کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی بھی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اورمحفوظ سفر کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں، اس کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔