لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ کاروباری، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے، بیوروکریسی اور ایف بی آر کی اصلاح کریں گے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران مریم نواز نے پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے پارٹی قائد نوازشریف کے وژن سے کاروباری برادری کو آگاہ کیا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ نوازشریف معیشت کی بحالی، تعمیر اور ترقی کے دور کا نام ہے، ان کا ایجنڈا معیشت کی بحالی، قرض پر چلنے والی معیشت اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف میثاق معیشت کو تعبیر دے گا اور اداروں کی پھر سے تعمیر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے، سرکار نہیں عوام اورنجی شعبہ کاروبار کرے گا۔ کاروبار کرنے کی آسانی پیدا کی جائے گی اور چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ زراعت اور کسان کی ترقی نوازشریف کے دور میں ہوئی جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا ، کسان کو زرعی ٹیوب ویلز پر رعایتی بجلی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خصوصی مراعات دیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے توانائی کے بحران ختم کیے اور ایل این جی ٹرمینلز بنائے، انہوں نے گیس کی فراہمی سے انڈسٹری کو ایک نئی زندگی دی تھی، اور آنے کے بعد وہ پھر ایسا ہی کریں گے۔
انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2018 سے 2022 کی تباہی نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، صنعتکاروں، تاجروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، زراعت، معدنیات، توانائی سمیت دیگر شعبوں کی مثالی اور تیز ترین ترقی کا پلان تیار ہے۔