چنئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ میں آج نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں 16 واں میچ آج نیوزی لینڈ اورافغانستان کے درمیان متھیا انامالائی چدمبرم اسٹیڈیم, چنئی میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجےکھیلا جائےگا۔
نیوزی لینڈ نے اپنے ابتدائی تین میچ اپ میں لگاتار جیت حاصل کرتے ہوئے اپنی مہم کا آغاز متاثر کن انداز میں کیا۔ کیویز نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کے خلاف قابل ذکر فتح حاصل کی اور نیدرلینڈز اور بنگلہ دیش کے خلاف بھی اپنی جیت کی فارم کو جاری رکھا۔
اس کے برعکس، افغانستان کو اپنے پہلے دو مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، اپنے حالیہ میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دینے میں کامیاب رہے۔
نیوزی لینڈ ورلڈ کپ 2023 ٹورنامنٹ کی ان دو ٹیموں میں سے ایک ہے جو اب تک کوئی میچ نہیں ہاری ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر (بھارت کے بعد) 3 میچوں میں 3 جیت اور +1.604 کے نیٹ رن ریٹ (NRR) کے ساتھ نمبر 2 پر ہیں۔
دوسری جانب افغانستان آج کے میچ میں انگلینڈ کے خلاف زبردست جیت کے ساتھ اتر رہا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے پہلے اپ سیٹ میں افغانستان نے دفاعی عالمی چیمپئن کو 69 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔
چنئی میں موسم کی پیشن گوئی ایک اچھے میچ کا اشارہ دیتی ہے۔ اگرچہ بارش کا 10 فیصد امکان ہے، تاہم زیادہ تر دھوپ کی توقع ہے۔ نمی 71 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔