لاہور: پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں بدستور اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 147 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں ڈینگی کے7 ہزار 405 تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 74نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 2 ہزار 996تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔
ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے مسلسل اضافے کے باوجود ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ اٹھائے جا سکے، ڈینگی ٹیسٹوں کے حوالے سے بھی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔