ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ نے اپنی اہلیہ و اداکارہ دیپیکا پڈوکون کو شادی کے لیے پروپوز کرنے کی وجہ بتادی ہے۔
سوشل میڈیا پر دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جوکہ بالی ووڈ کے نامور فلمساز کرن جوہر اپنے مشہور زمانہ شو “کافی ود کرن” کا پرومو ہے، بالی ووڈ کی اس مقبول ترین جوڑی نے کرن جوہر کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی۔
شو “کافی ود کرن” کی یہ قسط ابھی تک نشر نہیں کی گئی ہے لیکن اس کا پرومو ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
رنویر سنگھ نے مزاحیہ انداز میں جلدی پروپوز کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ “اس سے پہلے کہ کوئی اور دیپیکا کو پروپوز کرتا، میں نے کہا پہلے جاکر چپل رکھ دیتا ہوں (یعنی پہلے ہی پروپوز کرکے دیپیکا کے ساتھ اپنا نام جوڑ دیتا ہوں)”۔
کرن جوہر نے دیپیکا پڈوکون سے سوال کیا کہ “رنویر کے علاوہ، اسکرین پر کس اداکار کے ساتھ آپ کی کیمسٹری اچھی ہے؟” جس پر اداکارہ نے ہریتھک روشن کا نام لیا۔
یاد رہے کہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ پہلی مرتبہ ایک ساتھ کرن جوہر کے پروگرام میں شرکت کررہے ہیں، رنویر سنگھ اس سے قبل انوشکا شرما، ارجن کپور، اکشے کمار اور عالیہ بھٹ کے ساتھ شو میں آچکے ہیں جبکہ دیپیکا سونم کپور، پریانکا اور عالیہ کے ساتھ شرکت کرچکی ہیں۔
’کافی ود کرن‘ کے سیزن 8 کا آغاز او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر 26 اکتوبر سے آغاز ہوگا۔
واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔