کراچی: پی سی بی اربوں روپے کے کمرشل رائٹس کی فروخت کا عمل تاحال شروع نہیں کر سکا اور اب تک بڈز کمیٹی ہی فائنل نہیں ہو سکی، ٹینڈر کا مرحلہ بعد میں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق کمرشل رائٹس بیچنا پی سی بی کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہے، پی ایس ایل اب 3 ماہ کے فاصلے پر ہے، 15 دسمبر کو پلیئرز ڈرافٹ متوقع ہیں مگر اب تک براڈ کاسٹ و پروڈکشن حقوق کی فروخت کا کام ہی شروع نہیں ہو سکا، باہمی سیریز نئے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید جبکہ پی ایس ایل صہیب شیخ اور نائلہ بھٹی کی ذمہ داری ہے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ کو جلد آئندہ 2 سال کیلیے پی ایس ایل براڈکاسٹ، اتنے ہی عرصے کیلیے لیگ اور باہمی سیریز کی پروڈکشن، پی ایس ایل کی لائیو اسٹریمنگ،2 سالہ باہمی کرکٹ کی براڈ کاسٹ، لائیو اسٹریمنگ، انٹرنیشنل مارکیٹ کیلیے پی ایس ایل و باہمی سیریز کی براڈ کاسٹ و لائیو اسٹریمنگ رائٹس فروخت کرنا ہیں۔ تاخیر پر کئی فرنچائز اونرز بھی تشویش کا شکار ہیں، انھیں یہ بھی گلہ ہے کہ اس حوالے سے کسی مشاورت کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق حقوق کی فروخت سے پی سی بی کو کم از کم 8ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے، عموماً رائٹس کی فروخت سے قبل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ مارکیٹ ریسرچ بھی کرائی جاتی ہے۔ البتہ ابھی یہ سلسلہ شروع نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ اہم کنٹریکٹس سے قبل کئی سابقہ آفیشلز کی پی سی بی میں دوبارہ انٹری ہوئی ہے، ان میں بابر حمید کے ساتھ صہیب شیخ بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے رابطے پر ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی بیرون ملک مصروفیات کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔
پہلے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف ورلڈکپ کا میچ دیکھنے بھارت گئے ہوئے تھے، ان دنوں سی او او سلمان نصیر ایک دوست کی دعوت پر ایم ایم اے فائٹ دیکھنے دبئی گئے ہوئے ہیں۔
ممکنہ طور پر پیر کو دونوں دفتر میں موجود ہوں گے اور اہم معاملات کو فائنل کر لیا جائے گا، بڈز کمیٹی بننے کے بعد آئی ٹی ٹی (انوی ٹیشن ٹو ٹینڈر ) دستاویز فائنل ہوگی، پھر ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔