Trending Now

پھنسے ہوئے افغان شہریوں کی منتقلی سے متعلق برطانیہ کی پالیسی تبدیل

برطانوی حکومت نے پاکستان اور ایران میں رہنے والے سیاسی پناہ کے اہل افغان باشندوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اپنی پالیسی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دی انڈیپینڈنٹ نے بتایا ہے کہ تقریباً 3 ہزار افغان شہریوں کو اگست 2021 میں طالبان کے قبضے کے بعد برطانیہ میں قیام کی غرض سے نکالا گیا تھا، جن میں زیادہ تر برطانوی فوج کے لیے کام کرتے تھے،گزشتہ سال سے یہ شہری پاکستان میں پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ برطانیہ نے سیاسی پناہ سے قبل قیام کے انتظامات کو مکمل کرنے کی شرط عائد کردی تھی، نقل مکانی کے منتظر سیکڑوں شہری ایران میں بھی پھنسے ہوئے ہیں۔

برطانوی جریدے کے مطابق برطانیہ کی حکومت نے دوبارہ آباد ہونے کے اہل افغان باشندوں کو رہائشی انتظامات مکمل نا ہونے کے باوجود برطانیہ منتقل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ پاکستان کے بنا دستاویزات کے رہنے والےغیر ملکی شہریوں کو یکم نومبر تک ملک چھوڑنے یا جبری بے دخلی کا سامنا کرنے کے اعلان کے بعد کیا گیا، دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق دونوں ممالک میں تعینات برطانوی سفیروں نے اپنی حکومت کو اس بات سے ’واضح طور پر خبردار‘ کیا ہے کہ ان پناہ گزینوں کو حراست اور بے دخلی سے محفوظ نہیں کیا جاسکتا۔

سماعت کے دوران برطانوی حکومت کی جانب سے لیزا جیوانیٹی نے عدالت کو بتایا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ’حکومت کی پالیسی‘ کو تبدیل کیا جائے، (اے آر اے پی) اور (اے سی آر ایس) کی اسکیم کے تحت، ان باشندوں کو برطانیہ میں رہائش کے انتطامات مکمل کیے بغیر ہی دوبارہ آباد کیا جائے گا، جو سیاسی پناہ کے اہل ہیں۔

وہ برطانیہ کی دو اسکیموں کے بارے میں بات کر رہی تھیں، جو افغان شہریوں کے دوبارہ آبادکاری سے متعلق ہے، پہلی افغان نقل مکانی اور امداد (اےآر اے پی) کی اسکیم ان افغان شریوں کے حوالے سے ہے، جو برطانوی فوجی اور ان کے خاندان کے براہ راست ملازم تھے اور دوسری افغان شہریوں کی دوبارہ آبادکاری (اے سی آر ایس) کی اسکیم ان افغان باشندوں کے متعلق ہے، جو برطانوی زیر انتظام اسکیم یا کمزور اقلیتی گروہ کا حصہ ہیں۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ دوبارہ آباد کاری اے آر اے پی اسکیم کے تحت کی جائے گی اور تارکین وطن کو بنیادی طور پر جلد از جلد مناسب رہائش گاہ میں رکھا جائے گا، دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق اگرعبوری رہائش کی ضرورت پیش آئی تو ان کو وہ بھی مہیا کی جائے گی جس میں ہوٹل میں قیام کے انتظامات بھی شامل ہیں۔

دوبارہ منتقل ہونے والے افغان باشندوں کو برطانوی فوجیوں کے گھروں میں ٹھہرایا جائے گا۔

بی بی سی کے مطابق پہلے برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سوناک نے سرکاری محکموں کو اخراجات کم کرنے کی نیت سے یہ حکم دیا تھا کہ وہ اس وقت افغان شہریوں کو منتقل کریں جب ان کے ہوٹل میں رہائش کے علاوہ دیگر جگہ قیام کے انتظامات مکمل ہوجائیں۔

وکلا کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی حکومت پاکستان سے مذاکرات کے ساتھ ساتھ نقل مکانی کے عمل کو تیز کرنے کے کوشش کر رہی ہے۔

Read Previous

فلسطینی شہریوں کے اکاؤنٹ کے بائیو میں ’دہشت گرد‘ لکھنے پر انسٹاگرام نے معافی مانگ لی

Read Next

نیند میں مسلسل کمی مستقبل میں ڈپریشن کا باعث بنتی ہے: تحقیق

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *