پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہبازگِل کے بغاوت کیس میں دوبارہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق آج سیشن کورٹ اسلام آباد میں بغاوت پراکسانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے شریک ملزم کے خلاف ٹرائل ختم کردیا۔
اس موقع پر سیشن کورٹ کے جج طاہرعباس سِپرا کا کہنا تھا کہ شہبازگِل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کیے جاتے ہیں۔ شہباز گِل جب بھی نظر آئیں، انہیں گرفتار کرکے عدالت پیش کیا جائے۔
سیشن کورٹ جج نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے شریک ملزم کے خلاف ٹرائل ختم کرنے کی ڈائریکشن دی ہے۔ شریک ملزم کی حد تک کیس میں ٹرائل ختم کیاجاتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں سال جون میں اسلام آباد کی عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔