سابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کے مطابق انہیں 28 مارچ کو بنی گالہ بلایا گیا جہاں انہیں سائفر کی کاپی دی گئی اور بلند آواز سے پڑھنے کا کہا گیا۔
سائفر کیس کی تحقیقات کے حوالے سے سابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کے بیان کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ سہیل محمود نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سیکریٹری خارجہ کو چند منٹوں میں بنی گالہ پہنچنے کا حکم دیا۔
سہیل محمود نے بتایا کہ 28 مارچ کو ایک بجے مجھے بنی گالہ بلایا گیا۔ بنی گالہ میں سابق وزیراعظم اپنے دوستوں اور وزرا کے ساتھ موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
سابق سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘مجھے سائفر کی کاپی دی گئی اور کہا کہ بلند آواز سے پڑھو۔ مجھے پڑھنے کے لیے وہ کاپی دی گئی جو شاہ محمود قریشی کو حوالے کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میٹنگ کے کئی شرکا سائفر پر کمنٹ کرتے رہے۔ میٹنگ کے منٹس نہیں لیے گئے تھے، بعد میں پتہ چلا کہ میٹنگ کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔