کینیڈا: پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور سوشل میڈیا اسٹار زید علی کے والد انتقال کرگئے ہیں، یہ افسوسناک خبر اُنہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو دی۔
زید علی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے والد کے ہمراہ لی گئی ماضی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر دی۔
یوٹیوبر نے اپنے والد کو اپنا پہلا دوست اور سُپر ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ “آپ میری زندگی میں سب سے زیادہ محنتی انسان تھے، آپ نے اپنی تمام خوشیاں ہم پر قربان کیں”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میں آج، جس مقام پر ہوں وہ صرف آپ کی وجہ سے ہوں، میں ہمیشہ آپ کا شُکرگزار رہوں گا اور اگر میں بھی اپنی اولاد کے لیے آپ جیسا باپ بن سکا تو مجھے ایسا لگے کہ میں نے اپنی زندگی میں سب کچھ حاصل کرلیا ہے”۔
زید علی نے اپنے مرحوم والد کے لیے دُعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “اللہ آپ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، برائے مہربانی! تھوڑا وقت نکال کر میرے والد کی مغفرت کے لیے دعا کریں”۔
یوٹیوبر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ تفصیلات جاری نہیں کیں کہ اُن کے والد کا انتقال کیسے ہوا، دوسری جانب زید علی کے مداح اُن کے والد کی مغفرت کے لیے دُعا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ زید علی اپنی مزاحیہ ویڈیوز کی وجہ سے بےحد مشہور ہیں، وہ اپنے یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام پر مزاحیہ ویڈیوز کے ساتھ ساتھ فیملی ولاگز بھی پوسٹ کرتے ہیں۔
زید علی نے 2017 میں اپنی دوست یمنیٰ کے ساتھ شادی کی تھی جبکہ 2021 میں اس جوڑے کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔