ممبئی: بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ اب بھی اپنی ساتھی اداکارہ اور سابق ملکہ حسن ایشوریا رائے بچن سے محبت کرتے ہیں۔
ماضی میں سابق ملکہ حسن ایشوریا رائے اور بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے عشق کے قصے زبان زد عام تھے، سلمان تو ایشوریا کے اس حد تک دیوانے تھے کہ ان کے خلاف کچھ بھی سن نہیں سکتے تھے۔
تاہم اس دھواں داراور طوفانی عشق کا اختتام اس وقت ہوگیا جب ایشوریا رائے بچن خاندان کی بہو بن کر پیا گھر سدھار گئیں اور زندگی میں آگے بڑھ گئیں لیکن سلمان خان نے محبت میں ناکامی کے بعد اب تک شادی نہیں کی۔
اب سوشل میڈیا پر سلمان خان کا ایک پُرانا ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہیں ایشوریا رائے کا نام سُن کر مُسکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں ایک خاتون صحافی دبنگ اسٹار سے اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہتی ہیں کہ “ہیلو سلمان سر! ایشوریا اس طرف”، یہ نام سُن کر سلمان خان کے چہرے پر مُسکراہٹ آجاتی ہے اور وہ خاتون صحافی کو نظر انداز کرنے کے لیے اِدھر اُدھر دیکھنے لگتے ہیں۔
سلمان خان ایشوریا کا نام سُن کر شرماتے ہوئے کہتے ہیں “جی”، جس پر صحافی کہتی ہیں کہ “سر پلیز! یہاں اس طرف دیکھیں”، سلمان خان پوری کوشش کے باوجود بھی صحافی کو نظر انداز کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے کہا کہ “سلمان خان اب بھی ایشوریا رائے سے محبت کرتے ہیں”۔
ایک صارف نے کہا کہ “سلمان خان کے چہرے کے تاثرات بتا رہے ہیں کہ وہ اب بھی ایشوریا سے پیار کرتے ہیں اور اُن کی محبت سچی ہے”۔
ایک اور صارف نے کہا کہ “مرد اپنی پسندیدہ عورت کا نام سُن کر مُسکرا دیتا ہے”۔
ایک اور صارف نے کہا کہ “سلمان خان کی مُسکراہٹ دیکھ کر واضح ہورہا ہے کہ اُنہوں نے ایشوریا کو دل سے چاہا تھا”۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے درمیان کئی برسوں تک دیرینہ دوستی رہی تھی اور بات شادی تک بھی جاپہنچی تھی لیکن پھر دونوں کے درمیان یہ رشتہ ٹوٹ گیا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ سلمان خان نے آج تک ایشوریا رائے کی وجہ سے شادی نہیں کی۔