لاہور: آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف وولونگونگ (UOW) پاکستانی طلباء کے لیے اپنے سب سے باوقار وائس چانسلر لیڈر شپ اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پہلی بار آسٹریلیا کی ایک باوقار یونیورسٹی نے پاکستان کے لیے اسکالرشپ کی پیشکش کی ہے۔
اسکالرشپ کے اعلان کی تقریب میں آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری، یونیورسٹی آف ولونگونگ کی وائس چانسلر پروفیسر پٹریشیا ڈیوڈسن اور آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و یونیورسٹی کے عالمی سفیر ایڈم گِل کرسٹ شریک تھے۔
ایچ ای سی کے ذرائع نے بتایا کہ ہر سال دو پاکستانی طلباء کو اسکالرشپ سے نوازا جائے گا۔اسکالرشپ کے اعلان کے موقع پر پاکستان ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں میں بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف وولونگونگ (UOW) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مضبوط تعلیمی تعاون کا اظہار کیا۔
ایچ ای سی کے مطابق، اس وقت آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں میں27 ہزار سے زائد پاکستانی طلباء زیر تعلیم ہیں، جن میں سے تقریباً ایک ہزار طلباء یونیورسٹی آف وولونگونگ میں زیر تعلیم ہیں۔
وائس چانسلر لیڈر شپ اسکالرشپ پاکستانی طلباء کو مالی مدد فراہم کرے گی، بشمول 100 فیصد ٹیوشن فیس کی چھوٹ، قیادت کی تربیت، سرشار تعلیمی مدد، کمیونٹی نیٹ ورکنگ، اور عالمی نقل و حرکت کے مواقع۔ اپلائی کرنے والے طلباءکا انتخاب ان کی تعلیمی کامیابی اور قائدانہ صلاحیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔