نواب شاہ (بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ آکاؤنٹس آفیس (ٹریزری ) کے متعلق سرکاری ملازمین و پینشنرز کے مسائل کے حل کے لئے ایک کھلی کچہری آج ڈی سی آفیس کے دربارہال میں منعقد کی گئی اس موقع پر کھلی کچہری میں ایڈیشنل سیکریٹری فنانس غلام علی سومرو ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف ٹریزری حبیب الرحمٰن آرائیں، ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند اور اسسٹنٹ آکاؤنٹنٹ جنرل سندھ عدیل احمد نے سرکاری ملازمین اور پینشنرز کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کھلی کچہری میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، روینیو، پبلک ہیلتھ اور دیگر مختلف محکموں کے رٹائرڈ سرکاری ملازمین کی جانب سے ایل پی آر، گریجوئٹی، کمیوٹیشن، فیملی پینشن، جی پی فنڈ ز کی رقوم گذشتہ کافی سالوں سے نہ ملنے کی شکایات کی گئیں اس موقع پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری فنانس غلام علی سومرو نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر سندھ کے تمام اضلاع میں جاکر ملازمین اور پینشنرز کے مسائل حل کرنے کے لئے کھلی کچہریاں منعقد کی جارہی ہیں جس کا مقصد ان ملازمین کے مسائل حل کرنا اور ذمے داروں کے خلاف کاروائی کا تعین کرنا ہے ایڈیشنل سیکریٹری نے مزید کہا کہ سرکاری رٹائرڈ ملازمین کو پینشن کے علاوہ دیگر رقوم کی فراہمی کے لئے سسٹم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس کے تحت رٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو رٹائرمنٹ کے بعد ان کے پینشن کے کاغذات خزانے آفیس میں جمع ہونے پر ان کو رٹائرمنٹ کی تاریخ کے مطابق نمبر جاری کیا جائے گا یہ لسٹ ویب سائٹ پر بھی جاری کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ اس لسٹ کے مطابق رٹائرڈ ملازمین و بیواہوں کو کمیوٹیشن و دیگر بقایاجات بغیر سفارش کے جاری کئے جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ اس فہرست کو خزانے آفیس کا کوئی بھی ملازم تبدیل نہیں کرسکتا جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا خزانہ آفیس کے کسی بھی ملازم کی جانب سے رشوت طلب کرنے اور پریشان کرنے کے ثبوت ملنے پر اس ملازم کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اس حوالے سے مختلف اضلاع میں منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں کے دوران ملنے والی شکایات اور ثبوتوں کے بناپر کاروائی کی گئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہرماہ جاری ہونے والی بجٹ کے تحت 60 ملازمین کو ان کی گریجوئٹی کی رقم دی جارہی ہے جس کو مزید بڑھانے کے لئے اعلیٰ حکام کو سفارش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ رٹائرڈ ملازمین کو فائدہ مل سکے ایڈیشنل سیکریٹری ٖغلام علی سومرو نے ملازمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جن ملازمین اور پینشنرز کی جانب سے کھلی کچہری میں مسائل پیش کئے گئے ہیں ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ اس مسائل کے حل کے متعلق ہفتہ روزہ رپورٹ متعلقہ ٹریزری آفیس سے لی جائے گی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد زاہد حسین رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر محکمہ فنانس کی جانب سے سرکاری ملازمین اور پینشنرز کے مسائل کو حل کرنے کے لئے آکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، ٹریزری اور ضلع انتظامیہ کے نمائندے پر مشتمل کمیٹی کی جانب سے کھلی کچہری منعقد کی گئی ہے اس کھلی کچہری سے کافی پینشنرز اور ملازمین کو ریلیف فراہم ہوا ہے کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ آکاؤنٹس آفیسر غلام رسول مگسی، ایڈیشنل آکاؤنٹس آفیسر حسن جان چنگیزی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام عباس گوراہو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسد علی کورائی کے علاوہ تمام محکموں کے افسران،
صحافیوں، سرکاری ملازمین اور پینشنرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔