کراچی: معیشت میں زرمبادلہ کی ڈیمانڈ، ماہوار بنیادوں پر آئل سیمنٹ گاڑیوں کی فروخت کا حجم بڑھنے سے جمعہ کو بھی ڈالر کی پرواز جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 284 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 285 روپے کی سطح پر آگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، آئی ایم ایف پروگرام کے پہلے ریویو کے اہداف پورے ہونے اور سپلائی میں بہتری کے باوجود ڈالر کی پیش قدمی سے اس امر کی نشاندہی ہوری ہے، شعبہ جاتی بنیادوں پر معیشت کی ڈیمانڈ اور شرح تبادلہ کے تعین کو مارکیٹ فورسز پر چھوڑنے کی حکمت عملی ڈالر کی قدر میں اضافے کا باعث ہیں،مستقبل قریب میں ڈالر کی قدر بڑھنے کی پیش گوئیاں بھی مارکیٹ پر اثرانداز ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر معمول کے مطابق من وعن عمل درآمد سے قرضے کی دوسری قسط کی منظوری یقینی ہونے اور مثبت معاشی سرگرمیوں کی بھی مارکیٹ میں بازگشت ہے لیکن معیشت میں زرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے ڈالر کی پرواز دیکھی جارہی ہے۔
نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 89 پیسے کے اضافے سے 284روپے 31پیسے کی سطح پر بند ہوئی، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50 پیسے کے اضافے سے 285روپے کی سطح پر بند ہوئی۔