بنگلورو میں بارش کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ دوبارہ روک دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث پچ کو کوور سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔بارش کے باعث بقیہ میچ نہ ہوا تو پاکستان ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ونر ہوگا۔
ڈی ایل ایس میتھڈکے تحت پاکستان کو25.3اوورز میں 179رنز بنا نا تھے۔ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان مقررہ ہدف سے 21 رنز آگے ہے،فخر زمان 126 اور بابر اعظم 66 رنز ناٹ آئوٹ کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق7بجکر 10منٹ تک بارش جاری رہی توپاکستان ونر ہوگا۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے اور پاکستان کو 402 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ نے 10 اوورزمیں بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بنائے لیکن حسن علی نے ڈیوون کانوائے کو 68 کے مجموعی سکور پر آئوٹ کر دیا، انہوں نے 35 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 248رن پر گری، کین ولیمسن 78گیندوں پر 95رن بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد کی گیند پر فخر زمان نے ان کا کیچ تھاما۔
تیسر ی وکٹ 261 کے مجموعی سکور پر گری، رویندرا 108 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور جب 318 پر پہنچا تو ڈیرل مچل 29 رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔
345 کے سکور پر نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ گر گئی، مارک چیپ 39 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند آئوٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 388 کے مجموعی سکور گری، گلین فلپس 41 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔ اس طرح پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 402 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئرنے 3 جبکہ حارث رؤف، حسن علی اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اسامہ میر کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو یہ میچ ہر حال میں جیتنا ضروری ہے ورنہ وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔