فلیڈیلفیا: سائنس دانوں نے صحت کے حوالے سے آٹھ ایسے اقدامات کی نشاندہی کی ہے جو جسم کی عمر بڑھنے کے عمل کو چھ سال تک سست کرسکتے ہیں۔
امریکی ریاست فلیڈیلفیا میں منعقد ہونے والی امریکین ہارٹ ایسوسی ایشن کی کانفرنس میں پیش کی جانے والی اس تحقیق میں اوسطاً 47 برس کے 6500 افراد کا معائنہ کیا گیا۔
امریکی ماہرین کے مطابق وزن، بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کا خیال رکھنے کےساتھ صحت مند نیند اور کھانے کے معمول کی باقاعدگی، جسمانی سرگرمیاں اور سیگریٹ نوشی نہ کرنا عمر بڑھنے کے عمل کو چھ سال تک سست کر سکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ وہ افراد جن کی قلبی صحت بہترین تھی ان کی حیاتیاتی عمر(وہ رفتار جس سے ہر سال عمر بڑھتی ہے) حقیقی عمر سے چھ سال کم تھی۔
رائیٹنگ گروپ کے چیئر ڈونلڈ لائیڈ-جونز کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج ہمیں تاریخ ورانہ عمر اور حیاتیاتی عمر کے درمیان تعلق سمجھنے میں مدد کے ساتھ یہ جاننے میں مدد دیتے ہیں کہ کس طرح صحت مند طرزِ زندگی ہمیں طویل زندگی کے لیے مدد دے سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی لمبی زندگی چاہتا ہے، اور اس سے زیادہ اہم بات ہے کہ ہم صحت مند لمبی زندگی چاہتے ہیں اس لیے ہم اچھے معیار کی زندگی حاصل کرتے ہوئے اس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔