لاہور: خواتین کو ملازمت کی آڑ میں جنسی ہراسگی کے لیے عمان اسمگل کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے ایک کارروائی میں خواتین کو بیرون ملک بیوٹی پارلرز میں پرکشش ملازمت دلوانے کی آڑ میں اُن سے ہوٹلوں میں بے ہودہ رقص کروانے اور جنسی ہراساں کروانے والی خاتون اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس دوران ایک چھاپا مار کارروائی میں گینگ کی سرغنہ خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، جو انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھی۔
ملزمہ کو لاہور کے علاقے اچھرہ سے گرفتار کیا گیا۔ خاتون سادہ لوح عورتوں کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر عمان بھجواتی تھی۔ متاثرین کو بیوٹیشن کی نوکریوں کا جھانسہ دیا جاتا تھا، تاہم بعد میں اُن سے بیرون ملک رقص کروایا جاتا تھا۔
گرفتار ملزمہ سے متعدد پاسپورٹس اور سفری دستاویزات برآمد کرلی گئیں۔ خاتون کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے دوران اب تک اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے 267 سے زائد انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان میں 6 ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔