اسلام آباد: حکومت نے کاربن کا اخراج کرنے والی انڈسٹری پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینیٹر سیمی ایزدی کی صدارت میں قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں حکام نے نئی کاربن پالیسی کی ڈرافٹنگ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کاربن پالیسی گائیڈ لائن تیار کی جا چکی ہے، جس کے بعد کاربن مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے راستے کھل جائیں گے۔
حکام کے مطابق کاربن ٹریڈنگ دنیا میں بڑی مارکیٹ ہے۔ کاربن پالیسی کے تحت کسی بھی ملک کی کاربن اخراج کی حد ہوگی اور اگر کاربن اخراج کی حد بڑھی تو ملک اور سمیت انڈسٹری کو ٹیکس دینا ہوگا۔
قائمہ کمیٹی اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت کاربن کریڈٹ کو بیچ کر ریونیو کمایا جائے گا۔ کاربن کریڈٹ کی عالمی مارکیٹ 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ کاربن کریڈٹ کے تحت پالیسی گائیڈ لائنز، گورننس میکنزم، مارکیٹ رجسٹری اور مانیٹرنگ کی حکمت عملی بنے گی۔