کینبرا: آسٹریلیا کی دوسری بڑی نیٹ ورک آپریٹر سروس کمپنی کے سسٹم مین خرابی کے باعث انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل ہو گئیں۔ ایک کروڑ سے زائد آسٹریلین شہریوں کو اس وقت موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس سے محروم ہو گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیٹ ورک آپریٹر سروس کمپنی OPTUS کی سروسز مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے متاثر ہوئیں جس کی وجہ سے ٹرین سروس کا آن لائن پیمنٹ آپریشن سسٹم بھی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک آپریٹر سروس کمپنی کی خرابی کے باعث موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔
نیٹ ورک آپریٹر سروس کمپنی کی سی ای او نے ایک انٹرویو کے دوران سائبر حملے کی سختی سے تردید کر دی تاہم انہوں نے سروسز کی معطلی کی وجوہات بھی نہیں بتائیں۔
انہوں نے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی معطلی کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا OPTUS کے سافٹ ویئر سسٹم میں مسئلہ ہوا، ہمارا سسٹم بہت مضبوط ہے، یہ بہت ہی غیر معمولی واقعہ ہے، ہماری ٹیم اس پر کام کر رہی ہے، بہت جلد اسے حل کر لیا جائے گا۔