کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے فلسطین کے بارے میں کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
گزشتہ دنوں عائزہ خان کو اسرائیل فلسطین کشیدگی پر خاموش رہنے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، اداکارہ کے انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز ہیں، اس قدر مقبولیت کے باوجود اسرائیلی حملوں پر عائزہ خان کی خاموشی دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں آگئے تھے۔
سوشل میڈیا صارفین نے عائزہ خان سے سوال کیا تھا کہ آخر کس وجہ سے وہ فلسطین کے معاملے پر خاموش ہیں، صارفین کا کہنا تھا کہ وہ عائزہ خان کا بائیکاٹ کررہے ہیں اور اُنہیں سوشل میڈیا سے اَن فالو کررہے ہیں۔
صارفین کی تنقید کے بعد عائزہ خان نے گزشتہ روز اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک پوسٹ کی تھی جس میں اُنہوں نے فلسطین کے لیے سوشل میڈیا پر آواز نہ اُٹھانے کی وجہ بتائی تھی۔
عائزہ خان نے کہا تھا کہ “میں جانتی ہوں کہ روزانہ دعا کرنا روزانہ پوسٹ کرنے سے زیادہ طاقتور ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ دُعا کریں اور دوسروں پر انگلی اُٹھانے اور ایک دوسرے پر الزام لگانے سے گریز کریں”۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ “ہم سب کے بھی بچے ہیں اور ہم سب اس درد کو محسوس کر سکتے ہیں، ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ یہ سب اُن (فلسطینی عوام) کے لیے کتنا تکلیف دہ ہے لیکن مجھے اللہ پر یقین ہے، اللہ بہت جلد انصاف دلائے گا، آمین”۔
عائزہ خان نے اپنی اس پوسٹ پر کمنٹ سیکشن کو بند کیا ہوا تھا لیکن آج اُنہوں نے اپنی یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی ہے، تاہم پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کی وجہ سامنے نہ آسکی۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔