تاشقند کنونشن سینٹر میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 16 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ای سی او کے تمام ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے، غزہ میں بچوں،خواتین اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ای سی او سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے،اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی ترقی کے لیے اہم فورم ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ای سی او ممبران معدنی وسائل سے مالامال ہیں،ای سی او اور ریجن میں مزید سرحدی اورتجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے، نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ای سی او فورم کو ایک باقاعدہ تنظیم کی شکل دینا ہوگی۔