پاکستان کا سپر ہٹ ڈرامہ سیریل اور کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے والے تیرے بن کا سیزن 2 جلد ناظرین کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔
کچھ ماہ قبل ڈرامے کے پہلے سیزن کے اختتام پر مداحوں نے پروڈیوسرز سے فرمائش کی تھی کہ تیرے بن کا دوسرا سیزن لازمی آنا چاہیے، ڈرامے کے مرکزی کرداروں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی جوڑی کو بھی مداحوں نے خوب پسند کیا تھا۔
اس کے علاوہ ڈرامے میں منفی کردار نبھانے والی ‘حیا’ اداکارہ سبینہ فاروق کے کردار کو بھی مداحوں کی جانب سے کافی پذیرائی ملی۔
اب ڈرامے کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا اور بتایا کہ ڈرامے کے دوسرے سیزن کا آغاز دسمبر کے اختتام سے ہو رہا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ‘تیرے بن کے مداحوں کے لیے خوشخبری! تیرے بن سیزن 2 29 دسمبر 2023 سے پیش ہونے جارہا ہے، مزید خوبصورت لمحات کے لیے تیار ہو جائیں’۔
عبداللہ کادوانی نے لکھا ‘اپنے کیلنڈرز کو مارک کر لیں اور یہ تاریخ ذہن نشین کر لیں، ان شاء اللہ، یہ شاندار ہونے والا ہے اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ اسے پسند کریں گے’۔
واضح رہے کہ عبداللہ کادوانی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا 29 دسمبر سے ڈرامے کا آغاز ہوگا یا 29 دسمبر کو ڈرامے کی شوٹنگ کی شروعات ہوگی۔