چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کیس میں گرفتار کیا جاسکتا ہے،انہیں نیب نے آج دن 2 بجے طلب کررکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاونڈ اسکینڈل (القادر ٹرسٹ کیس) میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی دیرینہ دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو راولپنڈی نیب آفس طلب کررکھا ہے۔
نیب نے بشری بی بی اور فرح گوگی کو نوٹس بھی جاری کررکھے ہیں، جس میں بشریٰ بی بی کو آج دن 2 بجے اور فرح گوگی کو 3 بجے طلب کیا گیا ہے۔ نیب نے فرح گوگی کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کررکھا ہے۔
نیب راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی قریبی دوست فرح گوگی کو بدھ کو طلب کیا تھا، تاہم وہ پیش نہ ہوئیں اور ان کے وکلا نے نئی تاریخ مانگی تھی، جس پر نیب نے انہیں 13 نومبر کو طلب کیا تھا۔
القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے 50 ارب روپے کی قانونی حیثیت حاصل کرنے کے لیے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال اراضی حاصل کی تھی، جس کی نشاندہی برطانیہ نے پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے دوران کی تھی۔