اسلام آباد: ایف بی آر نے ٹیکس وصولی میں کمی کو پورا کرنے کیلیے 250 ارب اضافی اکٹھے کرنیکا فیصلہ کرلیا۔
ایف بی آر نے درآمدی سطح پر ٹیکس وصولی میں کمی کو پورا کرنے کیلیے رواں مالی سال کے باقی ماندہ آٹھ ماہ کے دوران انسداد اسمگلنگ، انتظامی اور انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے 250 ارب روپے سے زائد کا اضافی ریونیو اکٹھا کرنے اور انکم ٹیکس ریٹرن فائلرز کی تعداد بڑھا کر 70 لاکھ تک لے جانے کیلیے بھی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلیے ریونیو جنریشن اسٹریٹجی اور انحانسمنٹ آف ٹیکس نیٹ پلان تیار کرکے فیلڈ فارمشن کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے تیار کردہ ریونیو جنریشن سٹریٹجی کے تحت ٹیکس واجبات کی بھی ریکوری کی جائے گی اس کے علاوہ قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس نیٹ سے باہر نئے لوگوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، مختلف قانونی فورمز پر زیر التواء مقدمات میں پھنسے ہوئے اربوں روپے کے ریونیو کی ریکوری کیلئے ان کیسوں کی پیروی تیز کرکے کیسز جلد سے جلد نمٹانے کی کوشش کی جائے گی اور نان فائلرز کلے خلاف مہم بھی تیز کی جائے گی اس کے علاوہ ٹیکس چوری روکنے کیلئے ٹیئر ون میں شامل بڑی تاجروں کے بعد دوسرے شعبوں کے قابل ٹیکس آمدنی رکھنے والے لوگوں و ٹیکس دہندگان کوبھی پوائنٹ آف سیل سسٹم نصب کرکے الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائسنگ سسٹم نصب کرنے کیلئے نوٹیفائی کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے مرتب کردہ ریونیو جنریشن سٹریٹجی کے تحت کئے جانے والے ان اقدامات سے اضافی ریونیو حاصل کرنے کا بنیادی مقصد درآمدات میں کمی سے درآمدی سطع پر کسٹمز ڈیوٹی ،سیلز ٹیکس و دیگر ود ہولڈنگ ٹیکسوں کی مد میں متوقع کمی کو پورا کرنا ہے۔