اسلام آباد (شہزاد پراچہ) پاکستان کی طرف سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں حالیہ غیر معمولی اضافے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سنئیر پولیس افسر اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں کسٹمز سروس کے ریٹائرڈ افسران سعید جدون اور رشید شیخ کمیٹی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاملے میں ایف بی آر کی ناکامی کی وجوہات جاننے کی کوشش کریگی۔ کمیٹی افغان ٹرانزٹ کے ذریعے ہونے والی تجارت کا تاریخی پس منظر کا بھی جائزہ لے گی۔
چار رکنی کمیٹی تعین کرے گی کہ افغان ٹرانزٹ کے ذریعے ہونے والی اشیا میں سے کتنی سمگلنگ ہوئیں۔ کمیٹی معاملے میں ایف بی آر کے ٹریکنگ سسٹم کے غیر موثر ہونے کا جائزہ بھی لے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ کمیٹی افغانستان سے واپس آنے والے کارگو کے معاملے میں ملوث عناصر کا تعین بھی کرے گی۔ اس کے علاوہ سمگلنگ کو روکنے میں ناکامی پر متعلقہ کسٹمز عملے اور بارڈر سکیورٹیز کے کردار کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔