کراچی: کورنگی گودام چورنگی کے قریب بے لگام 22 ویلر ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار شہری کی جان لے لی ، متوفی 2 بچوں کا باپ اور نجی ٹی وی چینل کا ملازم تھا ۔
شہر قائد میں ہونے والے بیشتر حادثات کی طرح اس حادثے کا ذمے دار ٹریلر کا ڈرائیور بھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ رواں سال اب تک شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی۔
پولیس کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے گودام چورنگی کے قریب تیز رفتار 22 ویلر ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ متوفی کی شناخت 49 سالہ عمران احمد صدیقی ولد ابرار احمد کے نام سے کی گئی، جو نجی ٹی وی چینل میں گرافکس ڈیزائنر اور مکان نمبرA/25 سیکٹر7 ڈی تھری نارتھ کراچی کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ تھا ۔
عمران احمد صدیقی منگل اور بدھ کی درمیانی شب آفس سے کام ختم کر کے گھر جا رہے تھے ۔ پولیس نے ٹریلر کو قبضے میں لے لیا ہے۔