اسلام آباد : نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا ساتواں اجلاس ہوا ۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نگران کابینہ کے ارکان، نگران صوبائی وزراءِ اعلی اور متعلقہ اعلی ٰحکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس کو مختلف وزارتوں نے سرمایہ کاری کے فروغ اور متعین شدہ اہداف کے بروقت حصول میں سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔آرمی چیف نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا یقین دلایا۔ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے سرمایہ کار براداری کے ساتھ مختلف اقدامات کے حوالے سے مؤثر طریقے سے روابط بڑھانے کی بھی تعریف کی جس کی بدولت ملکی و غیر ملکی سطح پر منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت میں تیزی واقع ہوئی ہے۔کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے پالیسی اقدمات کا بھی جائزہ لیا۔
کمیٹی نے ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے اس مسئلے کے پائیدار حل کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے خسارے کے شکار سرکاری اداروں (SOEs) کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا اور اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمیٹی نے نجکاری کے اس عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔