پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف پی پی کے پاس ہے ، عوامی راج قائم کرنے کے لیے عوام کو الیکشن میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کرانا ہوگا ۔
بلاول بھٹو زرداری نے مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے سیاستدانوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ، آصف زرداری نے جمہوریت بحال کی،آمر مشرف کو بھگایا، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ دے کر صوبوں کو با اختیار بنایا ۔
بلاول نے کہا کہ عوام کو یاد دلانا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے، ، شہید ذو الفقار بھٹو نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، قائد عوام نے عوام کے لیے جدوجہد کی ، شہید محترمہ 30 سال تک عوام کیلئے جدوجہد کرتی رہیں، 2 آمروں سے ٹکرائیں ،بے نظیر بھٹو نے اس ملک کی خاطر شہادت بھی قبول کی لیکن کبھی پیچھے نہیں ہٹیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے تاریخی منہگائی، غربت اور بے روز گاری ہے، ہم مل کر پاکستان کو تمام مسائل سے نکالیں گے، پاکستان کی سب سے بڑی دشمن وہی پرانی سیاست ہے، اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا، نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم باقی سیاسی جماعتوں کو کہتے ہیں کہ آپ بھی عوام پر بھروسہ کریں، سیاست اور منشور پر بھروسہ کریں، دائیں بائیں نہ دیکھیں، عوام کو دیکھیں ، اگر ایک بار پھر کسی کو مسلط کیاجاتا ہے، تو اس کا نقصان عوام اٹھائیں گے، عوام نے پہلے بھی سلیکٹڈ راج بھگتا ہے ، اب عوام سلیکٹڈ راج قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اورمکان ہے، ہمیں کہا جاتا ہے یہ توپرانے نعرے ہیں، نیا نعرہ لےکرآنا چاہیے، آج بھی ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے، ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان ہی رہے گا۔
بلاول نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو سیاست دان مسلم لیگ یعنی مہنگائی لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلز نہیں رہیں گے، ایک بار پھر الیکشن نہیں سلیکشن ہوتا ہے تو اس کا نقصان پاکستان کے عوام اٹھائیں گے، اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جیالا ہوگا۔