ترکیہ اور پاکستان کے اشتراک سے بننے والی تاریخی ڈرامہ سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کے اگلے سیزن میں پاکستانی اداکار بھی شامل ہوں گے جن کے نام سامنے آگئے ہیں۔
گزشتہ روز کراچی میں اسلامی فتوحات پر مبنی سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کا پریمئیر ہوا تھا جس میں ڈرامے کی پہلی قسط دکھائی گئی تھی، اس موقع پر پاکستانی فلمز پروڈکشن کے جنید علی شاہ نے کہا کہ اس تاریخی سیریز کے دوسرے سیزن میں پاکستانی اداکاروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کے لیے شاٹ لِسٹ ہونے والی پاکستانی اداکارہ عائشہ عُمر نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “سیریز کا آغاز تُرک اداکاروں سے ہی کرنی تھی کیونکہ ہمیں ابھی تُرک زبان سیکھنی ہے جس میں تھوڑا وقت لگے گا”۔
دوسری جانب عدنان صدیقی نے تصدیق کی کہ “سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کے پہلے سیزن میں کوئی پاکستانی اداکار شامل نہیں ہے لیکن سیریز کے دوسرے سیزن میں پاکستانی اداکار شامل ہوں گے جن میں وہ خود (عدنان صدیقی)، عائشہ عُمر، ہمایوں سعید، فواد خان اور حمزہ علی عباسی ہوسکتے ہیں”۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ “شہرہ آفاق تُرک سیریز ‘ارطغرل غازی’ کی طرح سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کو بھی عالمی سطح پر نشر کیا جائے گا”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ مصر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، روس، پاکستان سمیت بھارت میں نشر ہوگی”۔
واضح رہے کہ نئی ویب سیریز اسلامی تاریخ کے مشہور حکمران اور فوجی کمانڈر سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی ہے جنہوں نے بیت المقدس کو فتح کیا تھا۔
سیریز میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار ترکیہ اداکار اوور گونیش ادا کررہے ہیں جبکہ اس سیریز کی تین گھنٹے پر مشتمل پہلی قسط 13 نومبر کو ترکیہ ٹی وی ’ٹی آر ٹی‘ پر نشر کی گئی تھی۔
تاریخی ویب سیریز کے لیے ایک بڑا سیٹ لگایا گیا ہے جس میں دمشق کے قدیم شہر کا مکمل منظر بنایا گیا جو کہ 200 ایکڑ پر محیط ہے۔