دنیا کے پہلے ‘اڑنے’ والے بحری جہاز نے آزمائشی مراحل کو مکمل کرلیا ہے اور آئندہ سال اسے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
یہ الیکٹرک فلائنگ پسنجر شپ سویڈن کی ایک کمپنی Candela ٹیکنالوجی اے بی نے تیار کیا ہے۔
اسے Candela پی 12 کا نام دیا گیا ہے جو 12 میٹر لمبا ہے۔
اس میں ایک وقت میں 30 مسافر سفر کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق Candela پی 12 پانی میں 29 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ‘پرواز’ کرسکتا ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ یہ سواری پانیوں میں سفر کے انداز کو بدل کر رکھ دے گی۔
یہ جہاز ‘پرواز’ کے لیے ہائیڈرو فوائلز کو استعمال کرتا ہے جس سے پانی میں موجود اس کا نچلا حصہ پانی کی سطح سے اوپر اٹھ جاتا ہے۔
ہائیڈرو فوائلز سے پانی کی رگڑ کم ہوتی ہے اور یہ جہاز روایتی کشتیوں کے مقابلے میں زیادہ رفتار سے سفر کر پاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس میں 2 انجن استعمال کیے گئے ہیں جن کو 252 کلو واٹ کی بیٹری پاور فراہم کرتی ہے جبکہ اس کا ڈیجیٹل فلائٹ کنٹرول سسٹم لہروں، ہوا اور پانی میں موجود برقی رو کو مدنظر رکھ کر ہائیڈرو فوائلز کو ایڈجسٹ کرتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس کی قیمت نہیں بتائی گئی مگر اس کا کہنا تھا کہ 2024 سے یہ الیکٹرک سواری سویڈن کے 2 شہروں کے درمیان چلائی جائے گی، جس سے 55 منٹ کا سفر 25 منٹ میں طے ہوسکے گا۔