امریکہ میں ایک عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک خاتون نے معروف فاسٹ فوڈ ریستوران سب وے پر سینڈوچ خریدنے کے بعد غلطی سے 7 ہزار ڈالر کی ٹِپ دے دی۔
اتنی بڑی رقم بطور ٹِپ دینے والی ویرا کونر نامی خاتون نے امریکی ٹی وی کو بتایا کہ انہوں نے 23 اکتوبر کو ایک فٹ لمبا ویکلی اٹالین سب منگوایا، اس سینڈوچ کی قیمت 7.54 ڈالر تھی جبکہ انہوں نے اِس کے عوض 7105 ڈالر کی ٹِپ دے دی۔
ویرا کونر نے یہ قیمت بینک آف امریکہ کے کریڈٹ کارڈ سے دی، ان کے مطابق انہوں نے غلطی سے اپنے فون کے آخری چھ نمبر ڈال دیے کیونکہ انہیں لگا کہ وہ سب وے کے لائلٹی پوائنٹس خرید رہی ہیں۔
خاتون کا کہناتھا کہ اس دوران سکرین ضرور تبدیل ہوئی ہوگی اور اس نمبر کو ٹِپ میں تبدیل کر دیا گیا ہوگا،ٹِپ دیے جانے کے بعد انہوں نے بینک آف امریکہ پر پیسے لینے کا الزام لگایا لیکن بینک کی جانب سے یہ کلیم پہلے رد کر دیا گیا۔
اس کے بعد خاتون نے سب وے کی برانچ پر جا کر بھی اس مسئلے کا حل نکلوانا چاہا مگر وہاں موجود مینیجر نے بتایا کہ ان کا یہ مسئلہ بینک ہی حل کر پائے گا۔خاتون کا مزید کہنا تھاکہ آپ ہمیشہ سے سنتے آئے ہیں کہ آپ ایسی چیزوں کے لیے ڈیبٹ کارڈ کی بجائے کریڈٹ کارڈ کو استعمال کریں۔
مجھے تو بینک پر غصہ ہے کیونکہ انہیں ایسا کیوں نہیں لگا کہ سب وے پر اتنی بڑی رقم دینا مشکوک ہے،اس معاملے کے تقریبا ایک ماہ بعد کئی مرتبہ بینک کی جانب سے کلیم کو واپس نہ کرنے کے فیصلے بعد خاتون کو بالآخر عارضی طور پر کریڈٹ مل گیا۔
بینک کے ترجمان نے بتایا کہ ہم نے سب وے کو درخواست کی کہ وہ خاتون کو پیسے واپس دے دیں اور ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ پیسے واپس کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔