تل ابیب: ٹیسلا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک نے دورہ اسرائیل کے دوران غزہ کو اسٹار لنک کے ذریعے انٹرنیٹ فراہمی کا فیصلہ واپس لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے اسرائیل کو دورہ کیا اور جنگی حالات کا جائزہ لیا۔ اسرائیلی حکام کی جانب سے ایلون مسک کو جنگ سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
ایلون مسک نے اسرائیلی وزیر کمیونیکیشن کی درخواست پر اسرائیل کی مرضی کے بغیر غزہ کو اسٹار لنک کے ذریعے سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سروس فراہم نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
یلون مسک 27 نومبر کی صبح تل ابیب پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور دورے کے دوران ایلون مسک نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ اس وقت کیا ہے جب ان پر ایک ایسی پوسٹ پر ریپلائی کرنے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جسے اسرائیلی حلقوں نے اسرائیل مخالف قرار دیا تھا۔