لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں بڑھتی ہوئی اسموگ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نجی اداروں اور بینکوں کو ہفتے میں 2 دن ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے تجارتی سرگرمیوں کو رات 10 بجے بند کروانے کی ہدایت کردی۔
عدالت کا فیصلہ سناتے ہوئے کہنا تھا کہ سی سی پی او لاہور رات 10 بجے تجارتی سرگرمیاں بند کروانے کے حکم پر عمل کروائیں۔ اسموگ کنٹرول کرنے کیلئے سیکریٹری وزیر اعلیٰ سی سی پی او لاہور کو اقدامات کی ہدایات دیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ اقدامات سے متعلق ایڈمسٹریشن لاہور اور حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالت نے ڈی جی ماحولیات سے آلودگی کے باعث ڈی سیل انڈسٹری یونٹس کو دوبارہ سیل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ ساتھ ہی صنعتی یونٹس ڈی سیل کرنے والے محکمہ ماحولیات کے افسران کے خلاف کارروائی کا بھی کہا گیا ہے۔
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے گرین بیلٹ پر پارکنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔