ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طویل عرصے کے بعد ایک ساتھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
گزشتہ کچھ عرصے سے ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کسی بھی عوامی تقریب میں ساتھ نظر نہیں آئے جبکہ ایک تقریب کے دوران بھارتی میڈیا نے غور کیا کہ ابھیشیک بچن کے ہاتھ سے اُن کی شادی کی انگوٹھی غائب تھی جس کے بعد اس جوڑی کی طلاق کی افواہوں نے زور پکڑ لیا تھا۔
اب گزشتہ روز ممبئی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی پہلی فلم ‘دی آرچیز’ کا شاندار پریمیئر منعقد ہوا جس میں بالی ووڈ کے نامور اور بڑے ستاروں نے شرکت کی۔
‘دی آرچیز’ کے پریمیئر میں جہاں شاہ رخ خان کی فیملی، ریکھا، کترینہ کیف، مادھوری ڈکشٹ، رنبیر کپور، نیتو کپور، ہریتک روشن اور اُن کی گرل فرینڈ صبا آزاد ، فرحان اختر، شیبانی ڈانڈیکر، شبانہ اعظمی، جاوید اختر، کرن جوہر، ارجن کپور سمیت دیگر بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی تو وہیں پوری بچن فیملی بھی ‘دی آرچیز’ کے پریمیئر کی زینت بنی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ‘دی آرچیز’ کے پریمیئر میں شرکت کے لیے ایشوریا رائے سمیت پوری بچن فیملی نے سیاہ رنگ کے ملبوسات کا انتخاب کیا جبکہ جیا بچن اپنے اہلخانہ سے مختلف ہاف وائٹ رنگ کے لباس میں نظر آئیں۔
وائرل ویڈیو میں ایشوریا رائے بچن کافی خوش نظر آرہی ہیں اور وہ اپنی نند شویتا بچن کے بیٹے (جو فلم ‘دی آرچیز’ کا حصہ ہیں) کو مذاق میں تنگ کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اوران کے گھربیٹی آرادھیا کی پیدائش 2011 میں ہوئی۔ ابھیشیک بچن بھارت کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ویٹرن اداکارہ جیا بچن کے بیٹے ہیں۔