افغانستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر رحمان اللہ گرباز نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان سے ہارنے کے بعد بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔تفصیلات کے مطابق معروف یوٹیوبر مومن ثاقب کو دیئے گئے انٹرویو میں افغان ٹیم کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے کہا کہ بابراعظم سے بیٹ دینے کی درخواست کرنے کے بعد مجھے انکے جذبات کا اندازہ ہوگیا تھا۔
میں بابراعظم سے ملاقات کے اس لمحے کو نہیں بھول سکتا، ہم نے پہلی بار پاکستان کو ون ڈے فارمیٹ میں شکست دی تھی اور یادگار کے طور پر پاکستانی کپتان سے بیٹ مانگا تھا تاہم جب بیٹ لیا تو وہ بہت مایوس تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ اس شکست کے بعد بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے، وہ بس رونے ہی والے تھے۔
شکست کے بعد ہر کوئی انکے خلاف تھا لیکن میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ ثابت قدم رہے اور ہمت نہیں ہاری، وہ موجودہ دور کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
یاد رہے بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا۔