صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کریمنل لاء ترمیمی آرڈیننس 2023 جاری کردیا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق کریمنل لاء ترمیمی آرڈیننس 2023 کا مقصد پاکستان پینل کوڈ 1860 کے سیکشن 462 (O) میں ترمیم کرنا ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو اس سے قبل بجلی چوری کے واقعات کی ایف آئی آرز درج کرانے میں مشکلات کا سامنا تھا تاہم نئے آرڈیننس کے تحت بجلی چوری کے واقعات قابل دست اندازی جرم ہوں گے۔
آرڈیننس کے بعد بجلی چوری نہ صرف گریڈ 17 يا اوپر کے افسر بلکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کے نامزد کردہ افراد کی شکایت پر قابل دست اندازی جرم ہوگی۔
صدر مملکت نے آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 89 ایک کے تحت جاری کیا۔ آرڈیننس سے توانائی کے شعبے میں ہونے والی تقریباً 590 ارب روپے کی بجلی چوری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔