فلمساز کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بننے والی سُپر ہٹ فلم “کبھی خوشی کبھی غم” سال 2001 میں 14 دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی، فلم میں شاہ رخ خان، کاجول، کرینہ کپور، ریتھک روشن، امیتابھ بچن اور جیا بچن نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے لیکن یہ بات شاید ہی کسی کو معلوم ہوگی کہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان نے بھی کام کیا تھا۔
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پہلی بار فلم “کبھی خوشی کبھی غم” میں اسکرین پر نظر آئے تھے، اُنہوں نے اس فلم میں مختصر کردار ادا کیا تھا جس کی وجہ سے بہت کم لوگوں کو یہ بات معلوم ہوگی کہ وہ بھی اس فلم کا حصہ تھے۔
دراصل، آریان خان نے فلم “کبھی خوشی کبھی غم” میں اپنے والد شاہ رخ خان کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا، وہ اس مختصر کردار میں تو نظر آئے لیکن ابھی تک اُنہوں نے اپنی کوئی بالی ووڈ فلم نہیں کی ہے جبکہ اُن کی بہن سہانا خان نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم “دی آرچیز” کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا ہے۔
دوسری جانب آج اس فلم کے 22 برس مکمل ہونے پر کاجول نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر خصوصی پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے فلم میں آریان خان کے ڈیبیو کردار کو بھی یاد کیا۔
کاجول نے “کبھی خوشی کبھی غم” کی یادگار تصاویر کی مدد سے ویڈیو بنائی جوکہ اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کی۔
اداکارہ نے فلم کی شوٹنگ کے دن یاد کرتے ہوئے کہا کہ “یہ فلم میری زندگی اور سنیما کی سب سے بڑی فلم تھی، اس فلم میں آریان خان نے اسکرین پر ڈیبیو کیا اور یش جی نے اس فلم کے لیے خصوصی طور پر میک اپ رومز تیار کروائے تھے”۔
اُنہوں نے کرن جوہر کے ساتھ فلم کے سیٹ پر پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “شدید گرمی کی وجہ سے کرن جوہر سیٹ پر گِرگئے تھے اور بےہوش ہوگئے تھے”۔