کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل ہزاروں صارفین کے زیر استعمال اپنی ایک اور ایپلی کیشن سروس بند کرنے جارہی ہے۔ آئندہ چند ہفتوں میں گوگل کی جانب سے گوگل پلے موویز اینڈ ٹی وی ایپ بند کر دی جائے گی۔
یہ سروس اسمارٹ ٹی وی سے پہلے ہی ہٹائی جا چکی ہے اور جلد ہی فون سروس سے بھی ہٹا دی جائے گی جبکہ 17 جنوری کے بعد سے صارفین ایپ کے ذریعے خریدی یا کرائے پر لی گئی فلموں تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
تاہم، خریدی گئی فلموں اور ٹی وی پروگراموں کو یکسر ختم کرنے کے بجائے اینڈرائیڈ ٹی وی اور یوٹیوب میں منتقل کر دیا جائے گا۔
گوگل کی جانب سے یہ سروس 2021 کے بعد سے بتدریج ختم کی جارہی ہے۔ یہ ایپ روکُو ڈیوائسز اور اکثریت اسمارٹ ٹی ویز سے پہلے ہی ہٹائی جا چکی ہے لیکن اینڈرائیڈ ٹی وی اور گوگل پلے اسٹور پر اب بھی موجود ہے۔
اینڈرائیڈ ٹی وی ہیلپ پر کی جانے والی حالیہ پوسٹ میں گوگل نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ سروس جلد ہی ان پلیٹ فارمز سے ہٹا دی جائے گی۔
پوسٹ میں گوگل میں واضح کیا کہ کمپنی نئی موویز یا ٹی وی شو خریدنے یا ان تک رسائی کے عمل کو سادہ بنانے کے لیے کچھ تبدیلیاں کر رہی ہے۔