اسلام آباد: عدت کے دوران بشریٰ بی بی سے نکاح سے متعلق کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو عدالت نے طلب کر لیا۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے دوران عدت نکاح کے کیس میں عمران خان کو 18 دسمبر کو عدالت طلب کر لیا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بطور ضمانت 50 ہزار روپے مالیت کے ذاتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری یقینی نہیں ہو سکی، جیل سپرینٹنڈنٹ آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں۔
سول جج قدرت اللہ نے کہا کہ شکایت اور دیگر دستاویزات کی نقول فریقین کو فراہم کر دیے ہیں، دوران عدت نکاح کے کیس کی آئندہ سماعت 18 دسمبر کو ہو گی۔