اسلام آباد: ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی واقع ہونے کے باوجود 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں0.06فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح ابھی بھی43.16فیصدکی ریکارڈ سطع پر برقرار ہے۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران چینی، دالیں، انڈے سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں، چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے سے بڑھ کر 143 روپے 43 پیسے ہوگئی ہے، انڈے فی درجن 8 روپے 3 پیسے ، دال مونگ 3 روپے 36 پیسے فی کلو ، پیاز فی کلو 1 روپے 95 پیسے مہنگے ہوئے۔
اسی طرح گندم کا آٹا، جلانے کی لکڑی اور بیف کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔