سڈنی: آسٹریلیا میں کرسمس کیلئے تیار کیے گئے ہزاروں ڈونٹس سے بھری وین چوری ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 10 ہزار کرسپی کریمی ڈونٹس سے لدی ہوئی وین 29 نومبر کو علی الصبح سڈنی کے مضافاتی علاقے میں ایک پٹرول اسٹیشن سے لاپتہ ہوئی تھی۔
پولیس کو گاڑی ایک ہفتہ بعد ایک پارک سے مل گئی تاہم وین میں موجود ہزاروں ڈونٹس خراب ہوچکے تھے۔ پولیس نے جمعرات کو 28 سالہ خاتون کو واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا۔
آسٹریلوی نشریاتی ادارے کے مطابق خاتون کی ضمانت مسترد کردی گئی ہے اور اُس پر گاڑی چوری و بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ڈونٹس بنانے والی کمپنی نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ وہ چوری شدہ 10,000 ڈونٹس کو نئے ڈونٹس سے تبدیل کر رہے ہیں۔