ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ اور کاجول کی والدہ تنوجا کو شدید علالت کی وجہ سے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز کاجول کی والدہ تنوجا کی طبیعت کافی بگڑ گئی تھی جس کے بعد اُنہیں ایمرجنسی میں جوہو کے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُنہیں آئی سی سی ( انتہائی نگہداشت وارڈ) میں داخل کردیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کاجول کی والدہ مختلف امراض میں مبتلا ہیں جن کی وجہ سے اُن کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی، ڈاکٹرز کے مطابق اب لیجنڈری اداکارہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ کاجول کی والدہ تنوجا کا شمار ماضی کی مقبول ترین بالی ووڈ اداکاراوْں میں ہوتا ہے، اُنہوں نے کئی ہندی اور بنگالی فلموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔
تنوجا اپنی سُپر ہٹ فلموں ‘جیول تھیف’، ‘میرے جیون ساتھی’، ‘ہاتھی میرے ساتھی’ اور ‘بہاریں پھر بھی آئیں گی’ میں اپنے کرداروں کی وجہ سے کافی مقبول ہیں جبکہ وہ ماضی کی اسٹار اداکارہ شوبھنا سمرتھ اور پروڈیوسر کمارسن سمرتھ کی بیٹی ہیں۔