نگران حکومت نے گزشتہ تین ماہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 64.04 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 52.99 روپے فی لیٹر کمی کی ہے۔
وزارت توانائی و پیٹرولیم کی جانب سے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے چارٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اکتوبر میں ایکس ڈپو پر پیٹرول کی قیمت 331 روپے38 پیسے فی لیٹر تھی اور اب رواں ماہ میں قیمت کم ہو کر 267 روپے34 پیسے فی لیٹر پر آگئی ہے جس سے صارفین براہ راست مستفید ہو رہے ہیں اور ایندھن کے اخراجات کا مالی بوجھ کم ہوا ہے۔
اسی طرح اکتوبر میں ڈیزل کی قیمت 329.18 روپے فی لیٹر تھی جو اب کم ہو کر 276.19 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہے جس سے صارفین کو 52.99 روپے فی لٹرکا فائدہ ہوا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے صارفین پر پڑنے والے مالی اثرات میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ اس کمی کے معیشت کے مختلف شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جس سے صارفین اور کاروباری اداروں کو یکساں راحت ملے گی۔