لاہور: لاہور ہائیکورٹ نےپی ٹی آئی کے سینئرنائب صدر و عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت کی نظر بندی کے خلاف جسٹس شہرام سرور چوہدری نے درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد نظربندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے شیر افضل مروت کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔ عدالت نے ڈپٹی کمیشنر کو سیکیورٹی بانڈز جمع کرانے کے بعد شیر افصل کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ نظر بندی کے خلاف اپیل لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی نائب صدر ربیعہ باجوہ کی جانب سے لطیف کھوسہ اور عرفان کلار ایڈووکیٹس کی وساطت سے دائر کی گئی۔
درخواست میں پنجاب حکومت،ضلعی انتظامیہ کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ڈی سی لاہور نے شیر افضل مروت کے خلاف غیر قانونی نظر بندی کا حکم جاری کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ شیر افضل مروت کو سیاسی بنیادوں پر نظر بند کیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نظر بندی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے۔