واٹس ایپ کا آغاز ایک عام میسجنگ سروس کے طور پر ہوا تھا جس کا مقصد لوگوں کو اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
مگر بتدریج واٹس ایپ کو آل ان ون (all in one) سوشل پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس میں اسٹوریز، چینلز، کمیونٹیز، ڈیجیٹل اواتارز، گروپ کالز اور دیگر متعدد فیچرز موجود ہیں اور اس کے صارفین کی تعداد بھی 2 ارب سے زائد ہے۔
میٹا کی زیرملکیت اس میسجنگ سروس کی جانب سے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے متعدد پرائیویسی فیچرز بھی گزشتہ برسوں کے دوران متعارف کرائے گئے ہیں۔
واٹس ایپ کی پرائیویسی ڈائریکٹر عظمیٰ حسین نے ایسے 5 فیچرز کی نشاندہی کی ہے، جو صارفین کے اکاؤنٹس کو ممکنہ سکیورٹی خطرات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
ڈس اپیئرنگ میسجز ٹرن آن کریں
واٹس ایپ صارفین اس فیچر کے ذریعے اپنے تمام میسجز اور ملٹی میڈیا فائلز کو مخصوص وقت کے بعد غائب کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کو ان ایبل کرنے کے لیے سیٹنگز میں پرائیویسی کے سیکشن میں جاکر ڈیفالٹ میسج ٹائمر کے آپشن پر کلک کریں۔
وہاں 24 گھنٹے، 7 دن اور 90 دن کے آپشن نظر آئیں گے جس میں سے اپنی پسند کے کسی ایک کا انتخاب کریں۔
اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بیک اپ ان ایبل کریں
ویسے تو واٹس ایپ میں ذاتی میسجز کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر بائی ڈیفالٹ کام کرتا ہے مگر بیک اپ کے لیے آپ کو خود ایسا کرنا ہوتا ہے۔
جب آپ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بیک اپ ڈیٹا کے لیے ان ایبل کرتے ہیں تو کوئی بھی (واٹس ایپ بھی) اس تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا۔