ممبئی: بالی ووڈ ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا نے ایکشن تھرلر فلم ‘انیمل’ میں بوبی دیول کو مسلمان کردار میں دکھانے کی وجہ بتادی ہے۔
یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی میگا ہٹ فلم “انیمل” میں جہاں رنبیر کپور کو شاندار اداکاری پر خوب داد مل رہی ہے تو وہیں اس فلم میں ابرار کا کردار ادا کرنے والے بوبی دیول کی بھی خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔
فلم “انیمل” میں ابرار (بوبی دیول) کا تعلق سکھ مذہب سے ہوتا ہے، وہ وجے سنگھ (رنبیر کپور) کا کزن ہوتا ہے لیکن اپنے دادا اور بھائی کی موت کے بعد ابرار صدمے میں چلا جاتا ہے جس کے بعد وہ اپنا سکھ مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کرلیتا ہے اور پھر وجے سنگھ (رنبیر کپور) کے خاندان کا دشمن بن جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سندیپ ریڈی وانگا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ “فلم میں بوبی دیول کو ابرار کے کردار میں دکھانے کا مقصد مسلمانوں کی منفی منظر کشی کرنا نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے ایک اہم وجہ ہے”۔
سندیپ ریڈی وانگا نے کہا کہ “ہم نے ہمیشہ یہی دیکھا ہے کہ لوگ اپنا مذہب تبدیل کرکے اسلام قبول کرتے ہیں یا پھر عیسائی مذہب کو قبول کرتے ہیں لیکن کوئی اپنا مذہب چھوڑ کو ہندو نہیں بنتا”۔
ہدایت کار نے کہا کہ “ابرار کا کردار بھی ایسا ہی تھا جس نے اپنا مذہب تبدیل کیا تھا اور اُس کی ایک سے زیادہ بیویاں تھیں، اور صرف اسلام میں ہی مرد کو چار شادیوں کی اجازت ہے، اسی وجہ سے ہم نے بوبی دیول کو مسلمان کردار میں دکھایا”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “اس کے علاوہ کوئی دوسری وجہ نہیں ہے، ہمارا مقصد کسی بھی مسلمان کی دل آزاری کرنا نہیں ہے”۔
واضح رہے کہ سُپر ہٹ فلم “انیمل” نے دُنیا بھر میں مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے، اس سنگِ میل کے عبور کے ساتھ یہ فلم 800 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی ہے۔
“انیمل”میں رنبیر کپور کے مقابلے میں بوبی دیول نے ولن کا کردار ادا کیا ہے جبکہ انیل کپور رنبیر کپور کے والد کے کردار میں نظر آئے۔