بیجنگ : چین میں افواہیں پھیلانے کے الزام میں 34 ہزار آن لائن اکاؤنٹس کو بند کر دیا گیا جبکہ 6 ہزار 300 سے زائد افراد کو سزائیں دی گی ہیں۔
’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ نے بتایا کہ پولیس نے غیرقانونی اور مجرمانہ سرگرمیوں مثلاً سیکورٹی اداروں، وبائی امراض، خدشات اور قدرتی آفات کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کریک ڈاؤن کے تحت ملک بھر میں عوامی تحفظ کے اداروں نے آن لائن افواہوں کے پھیلاؤ کے 4 ہزار 800 سے زیادہ کیسز کی چھان بین کی ہے۔ افواہیں پھیلانے والے 6 ہزار 300 سے زائد لوگوں کی تفتیش کرکے قانون کے مطابق ان سے نمٹا ہے اور 34 ہزار غیرقانونی اکاؤنٹس کو بند کیا ہے۔