ارباز خان اور شوریٰ خان کے نکاح کی تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی تھی جس میں سلمان خان، سہیل خان، سلیم خان اور ارباز خان کے بیٹے ارہان خان سمیت فیملی کے دیگر افراد اور چند قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔
تقریب میں ماضی کی معروف بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی اپنی بیٹی کے ہمراہ شرکت کی، روینہ ٹنڈن اور شوریٰ خان کے درمیان گہری دوستی ہے۔
ارباز خان نے اپنی اور شوریٰ خان کی شادی کی تصاویر اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’ہمارے پیاروں کی موجودگی میں، ہم اپنی زندگی بھر کی محبت کا آغاز کررہے ہیں‘۔شوریٰ خان بالی ووڈ میک اپ آرٹسٹ ہیں، ارباز اور شوریٰ کی پہلی ملاقات نئی آنے والی فلم ‘پٹنہ شکلا’ کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں سے ان دونوں کی محبت کا آغاز ہوا۔
واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، ان کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی، اس جوڑی کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔